18 ستمبر 2016 - 16:56
ایران نے شامی فوج کے ٹھکانوں پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی

ایران کی وزارت خارجہ نے شامی فوج کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شامی فوج کے ٹھکانوں پر امریکی حملہ عین اس وقت کیا گیا جب دہشت گرد گروہ بھی مذکورہ ٹھکانوں پر حملے کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کو بدستور امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شامی فوج کے ٹھکانوں پر امریکہ کا فضائی حملہ شام کی خود مختاری اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حملوں سے شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قیام امن میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ بہرام قاسم نے کہا کہ امریکی حملوں سے جنگ بندی کو نقصان پہنچے گا اور اس سے اس دہشت گرد گروہ کو فائدہ پہنچے گا جس کا نام اقوام کی دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل ہے۔ ایران کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی اقدام عالمی ضابطوں اور قوانین نیز، سلامتی کونسل کے مستقل رکن کی حثیت سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں کے بھی منافی ہے۔ بہرام قاسمی نے یہ بات زور دیکر کہی کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بحران شام کے تمام فریق، معاملے کے حل میں مدد فراہم کرنے کی غرض سے زمینی سطح پر ہر طرح کے غیر دانشمندانہ اقدام سے گریز کریں۔ قابل ذکر ہے کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی رات دیرالزور صوبے کے قریب واقع شامی فوج کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں ساٹھ سے زائد شامی فوجی جاں بحق ہوگئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز